قرآن مجید میں ضمائر کے بعض استعمالات:’تدبرِ قرآن‘ اور روایتی تفسیری ذخیرے کی روشنی میں تجزیاتی و تقابلی مطالعہ: in the Light of Tadabbur-i-Qur’an and Traditional Exegetic Literature
Year: 2025
Type: article
Abstract: مولانا امین احسن اصلاحی کی تفسیر ’تدبرِ قرآن‘ میں قرآن مجید کی آیات کے اسلوبی اور لسانی تجزیے پر نہایت قیمتی مباحث شامل ہیں۔ تاہم، عمومی طور پر اپنی تحلیل میں مولانا اصلاحی قدیم تفسیری ذخیرے کا حوالہ نہیں دیتے، اور صرف چند مقامات پر ہی وہ متقدمین مفسرین کا ذکر کرتے ہیں اور دکھاتے ہیں کہ یہ راے ان سے پہلے بھی کسی نے پیش کی تھی۔ چونکہ ایسے مقامات بہت کم ہیں، اس لیے ایک عام قاری یا تو ان مباحث کو مولانا اصلاحی کی انفرادی خصوصیت سمجھتا ہے، یا انہیں ان کا تفرد قرار دے کر غیر اہم تصور کرتا ہے۔ لہٰذا ان مباحث کا ایک تفصیلی تجزیہ ضروری ہے، جس سے نہ صرف مولانا اصلاحی کے کام کی علمی قدر و قیمت اور اس کی استنادی حیثیت میں اضافہ ہوگا، بلکہ اسلامی علمی روایت میں اس کے مناسب مقام کی تعیین میں بھی مدد ملے گی۔ زیرِ نظر مقالے میں ضمائر کے بعض استعمالات کے متعلق مولانا اصلاحی کی آرا کا روایتی تفسیری ذخیرے کی روشنی میں جائزہ لیا گیا ہے۔ ضمائر کے استعمال سے متعلق عمومی اصول یہ ہیں کہ ان کا مرجع عموماً کلام میں پہلے مذکور ہوتا ہے، یہ کہ وہ سب سے قریب اسم کی طرف راجع ہوتے ہیں، یہ کہ ضمائر کے انتشار کو کلام کا عیب سمجھا جاتا ہے، اور یہ کہ ضمائر سے بعینہ وہی اسماء مراد ہوتے ہیں جن سے ان کا نحوی ربط ہوتا ہے۔ تاہم، بلیغ کلام میں بلاغت اور اسلوب کے تقاضوں کے باعث ان اصولوں سے بعض اوقات انحراف کیا جاتا ہے۔ مولانا اصلاحی نے اپنی تفسیر میں ایسے مقامات کی بہت مؤثر انداز میں وضاحت کی ہے۔ یہ مقالہ دکھاتا ہے کہ ان مثالوں میں مولانا اصلاحی کی آرا نہ تو نئی ہیں، اور نہ ہی انہیں ان کا تفرد قرار دیا جا سکتا ہے۔ اکثر مواقع پر ان کی آرا یا تو علامہ زمخشری کی ’الکشاف‘ سے متاثر ہوتی ہیں یا فخر الدین رازی کی ’مفاتیح الغیب‘ میں کی گئی تنقید سے۔ مولانا اصلاحی کے کام پر امام ابن القیم کا اثر بھی نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔ تاہم مولانا اصلاحی کا امتیاز یہ ہے کہ انھوں نے ان مآخذ میں سے انھی آرا کو منتخب کیا جو ان کے وسیع تر فکری نظام سے ہم آہنگ تھیں۔ مزید یہ کہ انھوں نے ان اصولوں کو اپنے پورے کام میں یکساں طور پر برتا اور داخلی تضاد کا شکار نہیں ہوئے۔
Source: Majallah-e-Talim o Tahqiq
Author: Mushtaq Ahmad, Dr. Muhammad
Language: Arabic
Subfield: Religious studies
Field: Arts and Humanities
Domain: Social Sciences
Open Access status: diamond
OpenAlex ID: W7215599243
